سکھر (اسٹاف رپورٹر) میلاد مصطفی کمیٹی کے بانی چیئرمین اور تنظیم کے قائدغیاث الدین قادری نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے استقبال جلوس اور مرکزی جلسے کے دورانیے کو معقول بنا کر شرکائے جلوس، عاشقانِ رسول اور غلامانِ مصطفیٰ کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اتحاد، اتفاق، یکجہتی اور رواداری ہی حقیقی عظمت کی علامت ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن فدایان رسول کے سالانہ مرکزی جنرل و مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔غیاث الدین قادری نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ تمام معاملات کو باہمی افہام و تفہیم سے طے کر لیا گیا ہے اور انجمن فدایان رسول اور میلاد مصطفی کمیٹی ایک ہی پیج پر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی فردِ واحد کی ذاتی فرمائش یا خواہش پرکوئی من پسند فیصلہ مسلط نہیں کیا جا سکتا،کیونکہ تمام عاشقانِ رسول متحد، منظم اور مستعد ہیں اور وہ کسی عاقبت نااندیش کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 11 ربیع الاول کو بھی عام تعطیل کا اعلان کرے۔اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے قائدِ میلاد مصطفی کمیٹی غیاث الدین قادری نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ جشنِ عید میلاد النبی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے فوری طور پر اعلیٰ سطح کے اجلاس طلب کیے جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ میئر بلدیہ اعلیٰ سکھر، کمشنر سکھر، ڈی آئی جی سکھر، ڈپٹی کمشنر سکھر، ایس ایس پی سکھر، اسسٹنٹ کمشنرز اورٹاون چیئرمینز، چیئرمینز یونین کمیٹی، سیپکو چیف اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ افسران جلد از جلد علما اہلسنت اور مذہبی شخصیات اورمتعلقہ افسران کے مشترکہ اجلاس منعقد کریں اور شہر بھر میں صفائی، روشنی، روٹس کی بہتری سکیورٹی انتظامات اور دیگر سہولیات کے حوالے سے عملی اقدامات کا فوری آغاز کریں۔ بعد ازاں غیاث الدین قادری دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ سالانہ میلاد رابطہ مہم کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں کی جانب روانہ ہوگۓ۔
Share This Article
Leave a Comment