سکھر (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 30 خیرپور-V میں 16 اگست 2026 کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں کمشنر آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انتخابی انتظامات، سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ، بنیادی سہولیات، بجلی، صحت، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، مون سون بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات اور مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے ہدایت کی کہ ضابطۂ اخلاق پر قانون کے مطابق سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انتخابی عمل مکمل طور پر آزادانہ، شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن ماحول میں منعقد ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ اپنی تمام ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے گی اور انتخابی عمل کے ہر مرحلے کی مؤثر نگرانی کی جائے گی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر بجلی، پینے کے پانی، فرنیچر، سیکیورٹی، پولنگ عملے کی سہولت، انتخابی سامان کی بروقت ترسیل اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی منصوبے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے جبکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبہ بھی ہر وقت تیار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ، پولیس، گمبٹ اور صوبودیرو کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکار انتخابی عمل کی مسلسل نگرانی کریں گے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں گے۔ کمشنر سکھر نے پولنگ عملے کی تربیت کے دوران سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشنوں پر لیڈی پولیس اہلکاروں کے ساتھ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعیناتی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ خواتین ووٹرز کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر کالجز کو ہدایت دی کہ گورنمنٹ ڈگری سائنس کالج گمبٹ میں قائم کیے جانے والے کیمپ آفس سمیت دیگر پولنگ اسٹیشنوں پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈائریکٹر پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن کے ساتھ مل کر مربوط انداز میں کام کیا جائے۔ اجلاس کے دوران ریجنل الیکشن کمشنر سکھر عدنان بشیر نے بتایا کہ گورنمنٹ ڈگری سائنس کالج گمبٹ میں کیمپ آفس قائم کیا جائے گا، جہاں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریجنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن لاڑکانہ عبدالواحد بلوچ انتخابی عمل کی براہ راست نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خیرپور نعیم الرحمن جلبانی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیرپور کی تحصیل گمبٹ اور صوبودیرو میں ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 163 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں 63 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، 68 حساس جبکہ 32 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حلقے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 54 ہزار 980 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لیے ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ اور ایس ایس پی خیرپور امیر سعود مگسی کے ساتھ مکمل رابطہ اور تعاون جاری ہے تاکہ انتخابی عمل کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ نے کہا کہ انتخابی انتظامات، پولنگ اسٹیشنوں کے معائنے، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر انتظامی امور کی وہ خود نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار مزید مؤثر منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ایس ایس پی خیرپور امیر سعود مگسی نے کہا کہ پولیس نے ضمنی انتخاب کے لیے جامع سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے اور رینجرز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے پرامن، محفوظ اور منظم ماحول میں انتخاب کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عطا اللہ بروہی، ڈی آئی بی انچارج خیرپور علی گل ملاح، ڈائریکٹر اسکولز حافظ عبدالوحید ایندھڑ، سیپکو، پی پی ایچ آئی، نادرا، کالج ایجوکیشن، محکمہ اطلاعات اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی اور انتخابی انتظامات کے حوالے سے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا۔
ضمنی انتخاب پی ایس 30 خیرپور میں شفاف، آزادانہ اور پرامن پولنگ یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں گے، کمشنر سکھر
Share This Article
Leave a Comment