صوبائی وزیر انسدادِ بدعنوانی، زراعت، کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے خانپور مہر میں قائم شیخ حمدان بن محمد ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ماڑی گیس کمپنی کے تعاون سے تعمیر کیے گئے دو جدید جنرل وارڈز اور ایک اسٹور روم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت و انسداد بدعنوانی سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ ہسپتال میں نئی سہولیات کا اضافہ علاقے کے عوام کو معیاری اور بہتر طبی خدمات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جدید جنرل وارڈز اور دیگر سہولیات سے ہسپتال کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث ایک طرف پانی کی شدید قلت جبکہ دوسری جانب سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، جس کے باعث زراعت کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خانپور مہر کے سردار گڑھ کے علاقے میں ان کی اپنی زرعی زمین موجود ہے، جہاں بھی پانی کی شدید کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ سندھ پبلک سروس کمیشن کے خلاف جاری احتجاج کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ اس معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی، وہ بہتر اور عوامی مفاد میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ پارٹی صرف سندھ ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں عوام کی خدمت کر رہی ہے، جسے عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔ تحصیل ہسپتال خانپور مہر کے انتظامی امور سے متعلق سوال پر سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ ہسپتال کا انتظام اس ادارے کے سپرد کیا جائے گا جو اسے بہتر انداز میں چلا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی پی ایچ آئی اپنی کارکردگی سے ثابت کر چکی ہے کہ وہ صحت کے اداروں کو بہتر انداز میں چلا سکتی ہے تو اس ہسپتال کو بھی پی پی ایچ آئی کے حوالے کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے ۔
صوبائی وزیر انسدادِ بدعنوانی، زراعت، کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے خانپور مہر میں قائم شیخ حمدان بن محمد ہسپتال کا دورہ کیا
Share This Article
Leave a Comment