کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر ہلدیہ میں واقع ایک آئل ریفائنری میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد زخمی ہو گئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ ہلدیہ پیٹروکیمیکل لمیٹڈ میں منگل کی صبح 4 سے 5 بجے کے درمیان پیش آیا، جب ایک پائپ لائن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
رپورٹس کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی، جس کے باعث جائے وقوع پر موجود متعدد کارکن جھلس کر زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ریفائنری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ آگ پائپ لائن سے مبینہ طور پر تیل چوری کی کوشش کے باعث لگی، تاہم واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد آگ پر قابو پانے اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے متعلقہ اداروں نے کارروائی کی، جبکہ حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔