اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، تاہم اپنے بنیادی مفادات اور آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن ممکن نہیں۔
اسلام آباد میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق ایک بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پانی صرف جغرافیہ کا مسئلہ نہیں بلکہ خوراک، مستقبل اور انسانی زندگی سے جڑا ہوا بنیادی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے خدشات نے عالمی معیشت کو کس طرح متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ کا پانی پاکستان کی لائف لائن اور ملک کی بقا کی ضمانت ہے۔ سمندری گزرگاہوں یا آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرناک رجحان ہے، جبکہ دنیا کو یہ احساس ہو چکا ہے کہ پانی کے وسائل مستقبل کی عالمی سیاست اور سلامتی کا اہم ترین مسئلہ بن چکے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو پانی کو ہتھیار بنانے کے خطرات کا ادراک کرنا ہوگا، کیونکہ اکیسویں صدی میں آبی وسائل کو روکنے اور انہیں دباؤ کے لیے استعمال کرنے جیسے چیلنجز شدت اختیار کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مشترکہ آبی گزرگاہوں کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی روک تھام کے لیے نئے بین الاقوامی قوانین تشکیل دیے جائیں، تاکہ مستقبل میں کسی بھی زیریں بہاؤ والے ملک کو بالادست ریاستوں کے دباؤ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت کا رویہ پوری دنیا کے لیے ایک خطرناک مثال بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اپنے آبی حقوق اور دریائے سندھ کے پانی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا، کیونکہ کسی ملک کی پانی کی فراہمی کو جان بوجھ کر روکنا اس کی بقا پر حملے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے پانی کو روکنا جنگ کے برابر سمجھا جاتا ہے تو اس سمت اٹھنے والے ہر قدم کو بھی معمول کا معاملہ نہیں سمجھا جا سکتا۔ پاکستان اس معاملے پر سیاسی، سفارتی اور قانونی سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، لیکن اپنے بنیادی قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا مقصد ایسے وجودی خطرات کو روکنا ہے اور بھارت کو یہ تاثر نہیں ملنا چاہیے کہ وہ پاکستان پر دباؤ بڑھاتا رہے جبکہ پاکستان صرف احتجاج تک محدود رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مؤثر دفاع اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب مخالف فریق کو معلوم ہو کہ کسی سرخ لکیر کو عبور کرنے کی کیا قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔ ان کے بقول یہ کسی مہم جوئی کی دعوت نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون کے مطابق قومی حقوق کے دفاع کے عزم کا اظہار ہے۔