سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے سائٹ ایریا تھانے کی حدود لیبر کالونی میں مبینہ طور پر شوہر کے تشدد سے جاں بحق ہونے والی پانچ بچوں کی ماں شبانہ شیخ کے قاتلوں کی گرفتاری اور مقدمے میں شفاف کارروائی کے مطالبے کے لیے مقتولہ کے معصوم بچوں، والدہ مائی سمل، اربیلی، دیدار علی، حاکم علی، مشتاق علی، چچا نذیر احمد شیخ اور دیگر اہلِ خانہ نے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے احتجاج کے دوران شدید نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سائٹ پولیس نے مقدمے میں مطلوب تین ملزمان محمد عظیم عرف شبیر شیخ، احسان شیخ اور شبیر احمد شیخ کو گرفتار تو کر لیا ہے، تاہم پولیس گرفتار ملزمان کا چالان عدالت میں پیش کرنے کے بجائے مقدمے سے بعض ملزمان کے نام خارج کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔احتجاج میں شریک اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ پولیس مخالف فریق سے مبینہ طور پر رشوت لے کر مقدمے کو کمزور کرنے اور بعض ملزمان کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے، جس کے باعث انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔مظاہرین نے کہا کہ شبانہ شیخ کے پانچ معصوم بچے اپنی والدہ سے محروم ہو چکے ہیں اور اگر مقدمے میں شفاف کارروائی نہ کی گئی تو متاثرہ خاندان کو انصاف نہیں مل سکے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار تینوں ملزمان کا فوری طور پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے اور مقدمے کی مکمل، غیرجانبدار اور میرٹ پر تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔مظاہرین نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمے میں کسی بھی قسم کی مداخلت یا ردوبدل کو روکیں، تمام نامزد ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں اور مقتولہ شبانہ شیخ کے قتل کے مقدمے میں انصاف فراہم کرتے ہوئے ان کے پانچ معصوم بچوں اور اہلِ خانہ کو انصاف دلایا جائے۔
سکھر: مقتولہ شبانہ شیخ کے قاتلوں کو سزا دلانے کے لیے اہلِ خانہ اور معصوم بچوں کا احتجاج، پولیس پر مقدمہ کمزور کرنے کی کوشش کا الزام
Share This Article
Leave a Comment