پاکستانی ماہر نفسیات اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ماہین انوری نے اداکارہ اور میزبان فضا علی کے پیرنٹنگ انداز پر تنقید کی ہے۔
ماہین انوری کا کہنا ہے کہ والدین اگر بچوں کو سوشل میڈیا پر نمایاں کرتے ہیں تو اس کا مستقبل میں ان کی ذہنی صحت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
فضا علی اپنی دس سالہ بیٹی فرال فواد کی تصاویر اور ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کرتی ہیں۔ ماہین انوری نے اس رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ والدین ویوز اور توجہ حاصل کرنے کے لیے اپنی کمسن بچیوں کو سامنے لاتے ہیں، جو خطرناک ہے۔
ماہر نفسیات نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک 15 سالہ لڑکی اپنی والدہ کے رویے کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں مبتلا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کی معصومیت کو سوشل میڈیا کے لیے استعمال نہ کریں۔
فضا علی کو مخاطب کرتے ہوئے ماہین نے کہا کہ انہیں سوچنا چاہیے کہ اس طرزِ عمل سے بچوں پر گہرے نفسیاتی اثرات پڑ سکتے ہیں۔
ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی، کچھ صارفین نے ماہین کو سراہا، جبکہ دیگر نے فضا علی کے حق میں موقف اختیار کیا۔