کراچی ایک بار پھر ایک دل دہلا دینے والے سانحے کا گواہ بنا، جہاں شہر کے وسط میں واقع معروف تجارتی اور خریداری مرکز گل پلازہ میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اسے ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔
اب تک کم از کم 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ واقعے کے وقت عمارت کے اندر موجود تھے۔
آگ ہفتے کی رات لگی اور تقریباً 33 گھنٹے تک بھڑکتی رہی، جس پر آج (پیر) کی صبح قابو پایا گیا۔ قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس آگ سے اربوں روپے کا مالی نقصان بھی ہوا ہے۔
اس المناک واقعے پر پاکستانی شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
معروف اداکار نعمان اعجاز نے انسٹاگرام اسٹوریز پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ پوری قوم کے لیے باعثِ رنج ہے، اور انہوں نے متاثرہ افراد کے لیے صبر اور نقصان کے ازالے کی دعا کی۔

اداکارہ سجل علی نے کہا کہ وہ اس سانحے پر “دل شکستہ” ہیں اور ان کی دعائیں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔

کرکٹر حارث رؤف نے بھی انسٹاگرام اسٹوریز پر کہا کہ “قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی تکلیف دہ ہے”، اور متاثرہ خاندانوں کے لیے حوصلے اور صبر کی دعا کی۔

بعد ازاں، حارث رؤف نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جانیں بچانے میں “ناکامی” پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:
“ناکافی فائر سیفٹی، تاخیر سے ریسکیو اور ایسا نظام جو اپنے لوگوں کو بچانے میں ناکام رہا۔”
اداکار علی عباس نے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ واقعہ شہر کی مجموعی صورتحال کو بے نقاب کرتا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ کراچی کے عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب “دانشمندی” سے کریں۔

اداکار زاہد احمد کی اہلیہ آمنہ زاہد احمد نے بھی اس سانحے اور ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“اس شہر کو جس غفلت کا سامنا ہے، وہ ناقابلِ تصور ہے۔”

مزید شخصیات کے ردِعمل بھی سامنے آئے ہیں۔


