سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے سبزی منڈی، شکارپور روڈ کے رہائشی اور شیخ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے دو روز قبل مبینہ طور پر موٹر سائیکل چوری ہونے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے موٹر سائیکل فوری برآمد کی جائے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔احتجاج کی قیادت کرنے والے متاثرہ شہری حبیب اللہ شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ٹکر روڈ پر قائم ایک نجی اسپتال میں اپنے رشتہ دار کی عیادت کے لیے گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنی موٹر سائیکل ماڈل 2020، رجسٹریشن نمبر SMT-0799 اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی کی۔ ان کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے بعد جب وہ واپس آئے تو موٹر سائیکل اپنی جگہ پر موجود نہیں تھی۔انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل کی تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ ملا، جس کے بعد فوری طور پر متعلقہ بی سیکشن تھانے کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج طلب کی۔ تاہم، متاثرہ شہری کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے ان کے اسپتال میں داخل ہونے کی فوٹیج تو فراہم کر دی، لیکن جس وقت موٹر سائیکل مبینہ طور پر چوری ہوئی، اس دوران کی فوٹیج فراہم نہیں کی گئی۔حبیب اللہ شیخ نے الزام عائد کیا کہ چوری کے وقت کی فوٹیج نہ دینا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، جس کے باعث انہیں شبہ ہے کہ اس واقعے میں اسپتال انتظامیہ یا وہاں موجود بعض افراد کا کردار بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پہلو کی بھی غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی سکھر اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کی موٹر سائیکل برآمد کرائی جائے، چوری میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جائے۔
سکھر: موٹر سائیکل چوری کے خلاف شہری کا احتجاج، اسپتال انتظامیہ پر شکوک کا اظہار، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
Share This Article
Leave a Comment