سکھر(بیورورپورٹ)سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) ضلع سکھر کے زیرِ اہتمام سندھ کے پانی، زمین اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے جلال پور کینال، چشمہ۔جہلم لنک کینال، تونسہ۔پنجند لنک کینال اور کارپوریٹ فارمنگ کے منصوبوں کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے آبی حقوق کو متاثر کرنے والے تمام متنازع منصوبے فوری طور پر ختم کیے جائیں۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت سندھ یونائیٹڈ پارٹی سکھر کے رہنما ماجد علی ڈنور اور دیگر رہنماؤں نے کی، جبکہ کارکنوں، شہریوں، کاشتکاروں، ہاریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سندھ کے پانی اور وسائل کے تحفظ کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سندھ اس وقت شدید آبی قلت کا شکار ہے، لیکن اس کے باوجود پنجاب کی جانب سے جلال پور کینال، چشمہ۔جہلم لنک کینال اور تونسہ۔پنجند لنک کینال کے ذریعے سندھ کے حصے کا پانی منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے صوبے میں پانی کا بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) اپنی آئینی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ سندھ حکومت بھی وفاق کی معاونت کرتے ہوئے سندھ کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کر رہی۔رہنماؤں نے کہا کہ پانی کی مسلسل قلت کے باعث سندھ کی زراعت شدید متاثر ہوئی ہے، لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی غیر آباد ہو چکی ہے، جبکہ کاشتکار اور ہاری معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کارپوریٹ فارمنگ اور متنازع نہری منصوبے سندھ کی زرعی معیشت، قدرتی وسائل اور مستقبل کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔مقررین نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوری اقدار کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور اگر کسی آئینی ترمیم یا فیصلے کے ذریعے سندھ کی وحدت، وسائل یا آئینی حقوق پر کسی قسم کی ضرب لگانے کی کوشش کی گئی تو سندھ کے عوام اس کے خلاف ہر سطح پر پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔احتجاج کے اختتام پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلال پور کینال سمیت سندھ کے پانی کو متاثر کرنے والے تمام متنازع منصوبے فوری طور پر منسوخ کیے جائیں، کارپوریٹ فارمنگ کے منصوبے واپس لیے جائیں، سندھ کے حصے کے پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور صوبے کے آئینی، قانونی اور آبی حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے۔
سکھر: سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا سندھ کے وسائل، جلال پور کینال اور کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف احتجاج، متنازع منصوبے ختم کرنے کا مطالبہ
Share This Article
Leave a Comment