سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے گاؤں بھائی خان جعفر آباد کے رہائشی لکھن برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ زرعی زمین پر مبینہ قبضے، تشدد، گھروں کو آگ لگانے اور پولیس کی مبینہ جانبداری کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج کی قیادت مائی نور جہاں، مائی سرور، مائی صدوری، وحید لکھن اور دیگر نے کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان ہی کی برادری سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد بھورل لکھن، امان اللہ لکھن، زاہد لکھن اور تین نامعلوم افراد نے ان کی موروثی زرعی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے مبینہ قبضے کی مزاحمت کی تو ملزمان نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، خواتین اور بچوں کو بھی ہراساں کیا اور ان کے گھروں کو آگ لگا دی، جس سے انہیں مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد وہ انصاف کے حصول کے لیے متعلقہ آباد تھانے پہنچے، تاہم پولیس نے ان کی داد رسی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر مخالف فریق کی حمایت کی۔ ان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے انہیں یہ کہہ کر دباؤ میں لانے کی کوشش کی کہ زمین کا کھاتہ مخالفین کے نام منتقل کر دیا جائے، حالانکہ مذکورہ زرعی زمین کا قانونی کھاتہ ان کے والد شیر محمد لکھن کے نام پر موجود ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ انہیں مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے اور ان کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے اب تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔احتجاج کے شرکاء نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا غیر جانبدارانہ نوٹس لیا جائے، مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے، متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کی زرعی زمین پر قبضے کی کوشش کا خاتمہ کرتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو وہ اپنا احتجاج مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔
سکھر: زمین پر مبینہ قبضے، گھروں کو آگ لگانے اور پولیس کی جانبداری کے خلاف لکھن برادری کا پریس کلب کے سامنے احتجاج
Share This Article
Leave a Comment