سانگھڑ (رپورٹ: غلام رسول ناریجو): سانگھڑ شہر کے اہم تجارتی مرکز رحمت شاہ چوک میں چھ ماہ قبل فائرنگ کر کے قتل کیے گئے ڈاکٹر سلیم آرائیں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف آل سندھ پنجابی ایسوسی ایشن کی اپیل پر پریس کلب سانگھڑ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج کی قیادت غلام نبی آرائیں نے کی، جبکہ شہباز گل، سردار بابر، آصف جٹ، لیاقت آرائیں، چوہدری جنید، چوہدری نواز، ڈاکٹر زبیر، سمیع اللہ، چوہدری فرحان، ممتاز چوہدری، آفتاب، گل فیصل، منصور اور دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹر سلیم آرائیں کے قتل کو چھ ماہ گزر چکے ہیں، مگر پولیس اب تک ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور تفتیشی وسائل موجود ہونے کے باوجود پولیس کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سانگھڑ پولیس کو مبینہ طور پر قاتلوں کے بارے میں معلومات ہونے کے باوجود ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کے باعث پنجابی برادری میں شدید بے چینی اور مایوسی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو آل سندھ پنجابی ایسوسی ایشن سانگھڑ میں دھرنا دے کر اہم شاہراہ بلاک کرے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری سانگھڑ پولیس پر عائد ہوگی۔
احتجاج کرنے والوں نے آئی جی سندھ پولیس اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر سلیم آرائیں کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور پنجابی برادری میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو۔
نوٹ: خبر میں شامل الزامات اور مؤقف احتجاجی مظاہرین کے بیانات پر مبنی ہیں۔ سانگھڑ پولیس کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی مناسب انداز میں شامل کیا جائے گا۔