کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ایک اہم میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی چھٹی فتح حاصل کر لی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔
کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ٹیم کی جانب سے حسن نواز نے 37 رنز جبکہ رائلی روسو نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ خواجہ نافع نے 20 اور کپتان سعود شکیل نے 16 رنز اسکور کیے۔
پشاور زلمی کی جانب سے بولنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی گئی۔ سفیان مقیم اور محمد باسط نے 3،3 وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 155 رنز کا ہدف صرف 9 گیندیں قبل ہی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ٹیم کی کامیابی میں کپتان بابر اعظم نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے ناقابل شکست 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ان کے علاوہ محمد حارث نے 35 رنز، کوشل مینڈس نے 21 رنز جبکہ ایرون ہارڈی نے 18 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔
اس فتح کے ساتھ پشاور زلمی نے ایونٹ میں اپنی چھٹی کامیابی حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری مضبوط کر لی، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔