سکھر (بیورورپورٹ) سکھر میونسپل کارپوریشن میں نو تعینات میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے سلسلے میں منعقدہ تعارفی اجلاس میں ادارے کے افسران و عملے نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ اجلاس کے دوران سکھر میونسپل کارپوریشن کے انتظامی، دفتری اور بلدیاتی امور سمیت آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر ایڈوائزر ٹو میئر سکھر عابد علی انصاری، ایکسین نعمان کلہوڑو، او ایس اسلام الدین شیخ سمیت مختلف شعبہ جات کے افسران اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔ شرکاء نے نئے میونسپل کمشنر کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر شہریوں کو بہتر، بروقت اور معیاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی، ادارہ جاتی نظم و ضبط، بین المحکمہ جاتی ہم آہنگی، صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، ریونیو سے متعلق امور اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن ایک عوامی خدمت کا ادارہ ہے، جس کی کارکردگی کو مزید مؤثر، منظم اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام افسران اور عملے کو باہمی تعاون، ذمہ داری، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دینا ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی، مسائل کے بروقت حل اور ادارے کی مجموعی کارکردگی میں بہتری ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگی۔ اس موقع پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ خالد حسین جتوئی اپنی وسیع انتظامی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے سکھر میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ خالد حسین جتوئی اس سے قبل بھی سکھر میونسپل کارپوریشن میں ڈائریکٹر ٹیکسز و اینٹی انکروچمنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے مختلف انتظامی و بلدیاتی امور میں مؤثر کردار ادا کیا۔ ان کی بطور میونسپل کمشنر تعیناتی کو ادارے کی انتظامی استعداد میں مزید بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
خالد حسین جتوئی نے میونسپل کمشنر سکھر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں، تعارفی اجلاس میں بلدیاتی امور اور عوامی سہولیات پر تفصیلی غور
Share This Article
Leave a Comment