بھارت میں ایک خاتون نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہرکو قتل کرنے کے بعد ٹکڑے کرکے دریائے گنگا سمیت مختلف جگہوں پر پھینک دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع سنبھل میں پیش آیا جہاں روبی نامی خاتون نے اپنے ہی شوہر راہول کو آشنا کے ساتھ مل کر قتل کرڈالا۔
اس حوالے سے پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خاتون نے اپنے شوہر کے لاپتا ہونے شکایت درج کروائی، شکایت کے 27 دن بعد ایک سڑک پر کالے بیگ سے خراب حالت میں انسانی دھڑ ملا جس کے جسم کے ایک حصے پر راہول کے نام کا ٹیٹو موجود تھا۔
پولیس نے بتایا کہ انہوں نے گمشدہ افراد کی فہرست میں راہول کا نام تلاش کیا جس پر ان کی بیوی روبی کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کو شوہر کے کپڑے دکھا کر شناخت کا کہا تو روبی نے انکار کردیا جس پر پولیس نے مزید سوالات کیے، تسلی بخش جواب نہ ملنے کی صورت میں پولیس نے روبی کا موبائل چیک کیا جس میں افسران کو روبی کے ساتھ کھڑے ایک شخص کی وہی ٹی شرٹ پہنے تصویریں ملی جو کالے بیگ سے برآمد ہوئی تھیں۔
مزید تفتیش کرنے پر روبی نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے آشنا گوروو کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا۔
خاتون نے بتایا کہ شوہر نے آشنا کے ساتھ گھر پر دیکھ لیا تھا جس پر اس نے پہلے اپنے شوہر کے سر پر وار کیا اور پھر آشنا کے ساتھ مل کر جسم کے ٹکڑے کرکے دو الگ بیگز میں ڈال کر پھینک دیا تھا۔
خاتون نے بتایا کہ اس کے آشنا نے کٹر مشین سے لاش کے ٹکڑے کر کے پھینکنے کا منصوبہ بنایا، پھر ہم دونوں نے لاش کے ٹکڑے کیے، کچھ ٹکڑےدریائے دریائے گنگا میں پھینکے اور پھر دوسرے بیگ میں ڈال کر دوسری جگہ پر پھینکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کے اعتراف کے بعد پولیس نے روبی اور گورو وکو گرفتار کرلیا ہے، دونوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔