راولپنڈی: عدالت میں پیشی کے بعد قیدی وین سے فرار ہونے والے ایک اور قیدی کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق قیدی وین سے فرار ہونے والے 14 حوالاتیوں کی گرفتاری کے سلسلے میں مزید پیش رفت ہوئی ہے اور ایک سنگین مقدمے میں مطلوب فرار ملزم وہاب کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق قیدی وین سے فرار ہونے والے 14 حوالاتیوں میں سے اب تک 8 کو دوبارہ گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ 29 جون کو عدالت میں پیشی کے بعد قیدیوں کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا تھا۔ اس دوران چیکنگ کے لیے قیدی وین کو روکا گیا تو ایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں، جس کے بعد 14 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے متعدد قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا، جبکہ غفلت برتنے کے الزام میں اڈیالہ جیل کے گارڈ انچارج سمیت پانچ اہلکاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔