کراچی، 29 جون 2026: ضلع کیماڑی کے تھانہ سائٹ اے پولیس نے حیدر چالی پٹھان کالونی کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر پولیس افسر کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کرنے والے انتہائی مطلوب اور ریکارڈ یافتہ ملزم فیصل عرف منیجر کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کا ساتھی سجاد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایک حساس ادارے کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ملزم فیصل عرف منیجر، تھانہ سائٹ اے میں تعینات سب انسپکٹر نعیم شاہ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم کا بھتیجا کاشف اور اس کا ساتھی زیشان 9 اگست 2025 کو سائٹ ایریا کے ولیکا روڈ پر پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے، جن کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے ملزم مبینہ طور پر سب انسپکٹر نعیم شاہ کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش یہ بھی اعتراف کیا کہ دو روز قبل اس نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ ولیکا روڈ پر دو افراد کو لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے فرار ہوگیا تھا۔ اس واقعے کا مقدمہ نمبر 263/2026 تھانہ سائٹ اے میں دفعات 394، 511 اور 34 کے تحت درج ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم ایک پیشہ ور عادی مجرم ہے، جس کے خلاف پولیس مقابلہ، ڈکیتی، اسلحہ رکھنے اور دیگر سنگین جرائم کے الزامات میں مختلف تھانوں میں 14 مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
یہ کارروائی ایس ڈی پی او سائٹ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سائٹ اے نے چوکی انچارج میٹروول اور پولیس ٹیم کے ہمراہ انجام دی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 269/2026 درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ترجمان: کیماڑی پولیس