امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی حتمی اور بہترین آفر کو قبول کرنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔
اسلام آباد میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے بعد پریس بریفنگ کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات کم کرنے میں انتہائی اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات میں جو خلا رہ گیا، اس کی وجہ پاکستان نہیں تھا۔ ان کے مطابق پاکستان نے دونوں فریقین کو قریب لانے اور بات چیت کے ماحول کو بہتر بنانے میں بھرپور کوششیں کیں۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی اور ثالثی کے بغیر اتنی پیش رفت ممکن نہیں تھی۔ ان کے مطابق پاکستان نے دونوں ممالک کو ایک میز پر لانے اور کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران کو ایک جامع اور حتمی تجویز پیش کی ہے، اور اب یہ ایران پر منحصر ہے کہ وہ مستقبل میں اس پر کیا فیصلہ کرتا ہے۔ جے ڈی وینس نے یہ بھی کہا کہ سفارتی دروازے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے اور مستقبل میں بھی بات چیت کے امکانات موجود ہیں۔